بھٹکل:16/نومبر (ایس او نیوز)500اور1000روپئے کے نوٹوں کو کالعدم قرار دینے کے بعد بینکوں کے اندر اور باہر جو افراتفری اور ہنگامہ خیزی کا ماحول ہے، اُس سے عوام بے حد پریشان ہیں ساتھ ساتھ بینکوں کا عملہ بھی کچھ کم پریشان نہیں ہے، عملہ کی بھی سمجھ میں نہیں جارہا ہے کہ وہ کیا کریں اور کیا نہ کریں۔ ایسے میں ریاست کا مشہور بینک بھٹکل اربن بینک نے نوٹوں کی تبدیلی ، جمع کرنے اور نکالنے میں عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوکر انہیں ہرطرح کی پریشانی سے دور رکھنے کی کامیاب کوشش کی ہے اور عوام کی طرف سے ستائشی کلمات سننے میں آرہے ہیں۔
ہجوم کی شکل میں عوام اپنی ضروریا ت کے مطابق بینک پہنچ رہے ہیں، ان حالات میں بھی بینک پہنچنے والے ہر ایک گاہک کو بینک کے اعلیٰ افسران اور دیگر عملہ ہر ایک گاہک کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں راحت دینے میں مصروف دیکھا گیا ہے ۔ بینک انتظامیہ کی طرف سے گاہکوں سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے انہیں متعلقہ مسئلہ میں رہنمائی کرنے کے لئے باقاعدہ اپنے بینک کے کچھ عملے کو نامزد کیا گیا ہے۔ بینک میں خود جنرل مینجر اور مینجر بھی ادھر ادھر بھاگ دوڑ کرتے دیکھے گئے۔ بینک میں خواتین اور معمر حضرات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے انہیں ہر معاملہ میں ترجیح دی جارہی ہے اور جتنا جلد ممکن ہو ان کا کام نپٹا کر انہیں راحت دی جارہی ہے۔ جب کہ تعلقہ کی دیگر بینکوں کی صورت حال کچھ اور ہی ہے۔